کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ شہید جمہوریت محترمہ بینظر بھٹو عالمی سطح کی مقبول لیڈر تھیں انہوں نے اپنی پوری زندگی عوام کے لیے وقف کر رکھی تھی انہوں نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور بھٹو ازم کی تکمیل کے بڑی شدومد کے ساتھ گامزن رہیں۔ انہوں نے یہ بات پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ذیر اہتمام ناظم آباد میں شہید جمہوریت محترمہ بینظر بھٹو کی 18ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں پیپلزپارٹی کے عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا آمر جنرل ضیاء کے مارشل لاء کے خلاف گیارہ سال انتھک جدوجہد کی اس پاداش میں انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں جلا وطن رہیں سخت مشکلات اور اذیتوں کا سامنا کیا لیکن جدوجہد نہیں چھوڑی اور ضیاء آمریت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی رہیں۔ محترمہ بینظیر بھٹو 1988 میں عالم اسلام کی پہلی مسلم وزیر اعظم منتخب ہوئیں اور 11 سال بعد ایک عوامی اور جمہوری دور کا آغاز ہوا اسی طرح وہ 1993 میں دوبارہ اس ملک کی وزیراعظم منتخب ہوئیں اور عوامی و ملکی خدمات کے لیے بے مثال عملی اقدامات کیے۔