سنیل شیٹی نے خاندان میں رواں برس 2 شادیوں کی خبر پر کیا کہا؟

January 22, 2022

بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی نے اپنے بیٹے اور بیٹی کی 2022ء میں شادی سے متعلق خبر پر ردعمل دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سنیل شیٹی نے سوشل میڈیا پر ایک رپورٹ پر تنقید کی اور اپنے بچوں کی رواں برس شادی سے جڑی خبروں کو افواہ قرار دیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اتھیا شیٹی اور آہان شیٹی کی 2022ء میں شادی سے متعلق بے بنیاد پر خبر پر سمجھ نہیں آتا کہ خوش ہوا جائے یا افسوس کیا جائے؟

بھارتی میڈیا میں جمعے کے روز ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا کہ آہان اور اتھیا شیٹی رواں برس اپنے ساتھیوں کے ساتھ شادی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

اس خبر کے سامنے آنے پر قیاس کیا جانے لگا کہ اتھیا شیٹی اپنے بوائے فرینڈ کرکٹر کے ایل راہول جبکہ آہان شیٹی اپنی گرل فرینڈ تانیہ شراف سے شادی کے منتظر ہیں۔

بالی ووڈاداکار نے رواں سال اپنے خاندان میں دوہری شادی سے متعلق ایک رپورٹ پر ٹوئٹ کے ذریعے ردعمل ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ اس بات پر افسوس کروں یا خوش ہوں؟ حقائق کی کسی بھی طرح سے تصدیق کے بغیر اس طرح کی خبر کی اشاعت سمجھ سے بالاتر ہے۔

سنیل شیٹی نے خبر کی تردید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسی طرح کی غیر ذمے دارانہ رپورٹ ہی صحافت کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں۔

ایک خبر کے مطابق آہان شیٹی نے اس طرح کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں افواہ قرار دیا۔

اپنی بہن اتھیا شیٹی کے برعکس آہان نے اپنی گرل فرینڈ تانیہ شراف سے اپنے تعلقات سے متعلق کھل کر بات کی، دونوں تقریباً 10 برس سے ایک ساتھ ہیں۔

آہان نے مارچ 2021 میں تانیہ شراف کی سالگرہ کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنی پسندیدہ شخصیت قرار دیا تھا۔

اتھیا اور راہول کے درمیان کچھ عرصے سے تعلقات کی باتیں زیر گردش ہیں، وہ حال ہی میں بھارتی کرکٹر کے ساتھ انگلینڈ کے دورے پر موجود تھیں، تاہم دونوں نے عوامی سطح پر اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔