بی جے پی رہنما کا ’جونیئر سپر اسٹارز سیزن 4‘ بند کرنے کا مطالبہ

January 23, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں ایک ٹی وی شو میں بچوں نے وزیراعظم نریندر مودی کا مذاق اڑا دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست تامل ناڈو میں بی جے پی نے زی تامل پر نشر ہونے والے رئیلٹی ٹی وی شو ’جونیئر سپر اسٹارز سیزن 4‘ کے حال ہی میں نشر ہونے والی قسط پر سوال اٹھایا جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ دو بچوں کے مقابلے میں ایک ایسا خاکہ پیش کیا گیا جس کا مقصد وزیراعظم نریندر مودی کا مذاق اڑانا تھا۔بی جے پی رہنما نرمل کمار نے چینل سے پروگرام کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس شو میں نریندر مودی کے خلاف تبصرے کیے گئے ہیں۔شو کو 15 جنوری کو نشر کیا گیا اس قسط میں دو بچے بادشاہ کے روپ میں دکھائی دیے، تامل کامیڈی اداکار واڈی ویلو نے بادشاہ کا کردار ادا کیا جو ملک میں غربت اور قحط کی حالت میں بھی عالیشان زندگی گزارتا ہے۔زی تامل کے شو میں بچے اس بادشاہ کی کہانی سنا رہے ہیں جو ملک کی کرنسی کی ویلیو کو کم کرتا ہے تاکہ وہ اپنے کرپشن سے بنائے گئے پیسے کو بچا سکے لیکن وہ اس میں بری طرح سے ناکام ہوجاتا ہے۔بادشاہ کا لباس پہنے بچہ حیران ہے کہ اس کے ملک کی ترقی کو کیا چیز روک رہی ہے، بعدازاں وہ اس نتیجے پر پہنچتا ہے کہ یہ کالا دھن ہے اور کہتا ہے کہ اگر تمام پیسے کی ویلیو گرادی جائے تو ہمیں اس سے نجات مل سکتی ہے۔وزیر کے لباس میں ملبوس دوسرا بچہ جواب دیتا ہے کہ ایسا ہی ایک واقعہ ایک ملک میں پیش آیا تھا، جہاں کے بادشاہ نے بھی آپ کی طرح یہ احمقانہ حرکت کی تھی۔بی جے پی رہنما نے الزام عائد کیا ہے کہ اس شو میں وزیراعظم نریندر مودی کا مذاق اڑایا گیا ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شو کو بند کیا جائے۔