7 پی سی آر ٹیسٹ، ماسک اور سماجی فاصلہ، سپر لیگ کیلئے پروٹوکولز جاری

January 24, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی میڈیکل ایڈوائزری پینل نے پاکستان سپر لیگ 7 کےلیے حفاظتی پروٹوکولز جاری کردئیے ہیں۔ تمام شرکاکو کوویڈ 19 کے دو منفی ٹیسٹ پر منیجڈ ایونٹ اینوائرمنٹ میں داخلے کی اجازت ہو گی۔پہلے مرحلے میں تمام افراد کی چار مرتبہ پی سی آر ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ 10 فروری سے 27 فروری تک شرکاء کی سات مرتبہ پی سی آر ٹیسٹنگ کی جائے گی ۔کسی بھی ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آنے پر مذکورہ فرد کو سات دن کے لیے آئسولیشن میں رکھا جائے گا، جس کے اینٹیجن ٹیسٹنگ کا رزلٹ منفی آنے پر اسے دوبارہ منیجڈ ایونٹ اینوائرمنٹ میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ انٹیجن ٹیسٹنگ کا رزلٹ مثبت آنے پر اسے مزید تین روز آئسولیشن میں رہنا پڑے گا۔ ٹیموں کی گراؤنڈ آمد سے قبل ڈریسنگ رومز کو مخصوص عملے کی مدد سے صاف کیا جائے گا۔اس عملے کے ارکان کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہوگا۔کھلاڑی گیند پر تھوک کا استعمال نہیں کرسکتے۔ تمام کھلاڑیوں کو صرف اپنے سامان کو استعمال کرنے کی ہی اجازت ہوگی۔کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اورمیچ آفیشلز سے ملاقات سے 48 گھنٹے قبل گراؤنڈ اسٹاف میں شامل تمام ارکان کی پی سی آر ٹیسٹنگ کروائی جائے گی۔ ان تمام ارکان کو گراؤنڈ میں ڈیوٹی کے دوران ماسک لگانا ہوگا۔ وارم اپ اور ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔ ٹاس کے موقع پر اور میچ کے بعد تقریب کے موقع پر ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنا ہوگا۔