بھارت: بیوی شوہر کا سر کاٹ کر تھانے لے گئی

January 24, 2022

پڑوسی ملک بھارت میںایک خاتون نے اپنے شوہر کا سر کاٹ کر تھیلے میں ڈالا اور تھانے پہنچ گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خوفناک واقعہآندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں ایک 50 سالہ خاتون نے اپنے 53 سالہ شوہر کا سر قلم کر دیا اور پھر اُس کٹے ہوئے سر کو تھیلی میں ڈال کر پولیس اسٹیشن پہنچ گئی۔

پولیس نے بتایا کہ خاندانی تنازعات اس شخص کے بہیمانہ قتل کی وجہ ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ جوڑا اپنے 20 سالہ بیٹے کے ساتھ رینی گنٹا شہر میں پولیس لائنز کے قریب مقیم تھا، ان کے پڑوسیوں سے پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ میاں بیوی میں پچھلے ایک سال سے جھگڑا ہو رہا تھا۔

جمعرات کے روز جوڑے کے درمیان خوب بحث ہوئی جوکہ جھگڑے میں تبدیل ہوگئی، اُس وقت اُن کا بیٹا گھر میں نہیں تھا، جوڑے کے درمیان ہونے والا جھگڑا شدت اختیار کرگیا تو اُسی دوران خاتون نے غصے میں تیز دھار چاقو اُٹھایا اور شوہر پر کئی بار وار کرکے اُس کا سر قلم کردیا۔

اس واقعے کے بعد، خاتون اپنے شوہر کا سر پلاسٹک کے تھیلے میں ڈال کر تھانے پہنچ گئی، پولیس اہلکار نے کہا کہ ہم حیران رہ گئے جب خاتون نے تھیلا میز پر رکھا اور کہا کہ اس نے اپنے شوہر کو قتل کر دیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ روی چندر کا دھڑ اُن کے گھر سے برآمد ہوا ہے جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا۔

پولیس نے مزید کہا کہ ہم نے خاتون کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ہم کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔