ہائیر ایجوکیشن کے 1ارب 28 کروڑ کے منصوبوں پر کام جاری

January 26, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ایک ارب 28 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے ملتان میں ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی نئی بلڈنگ کی تعمیر، گورنمنٹ ایمرسن کالج کے بی ایس بلاک کی تعمیراور گورنمنٹ سائنس کالج میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہائیر ایجوکیشن کے جاری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، جب کہ گرلز انٹرکالج سمیجہ آبادکی اپ گریڈیشن ، گورنمنٹ ایمرسن کالج کی یونیورسٹی کے طور پر اپ گریڈیشن اور ویمن یونیورسٹی کی بلڈنگ کی تعمیر کے نئے منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن پر 76 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی، یہ بات جنوبی پنجاب کے کالجز کے مسائل کو حل کرنے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کی مختلف اسکیموں پر عمل درآمد کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ڈائریکٹر کالجز و ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کے اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب عطاءالحق کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی سیکرٹری ہائیرایجوکیشن جام آفتاب حسین اورڈپٹی سیکرٹری پلاننگ محمد فیصل شہزاد، ڈپٹی سیکرٹری زبیر احمد اعجاز اور ڈی پی آئی کالجز جنوبی پنجاب ڈاکٹر فرید شریف سمیت ہائیرایجوکیشن اور محکمہ بلڈنگز کے متعلقہ افسران نے شرکت کی، اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان ڈویڑنز میں ہائیرایجوکیشن کے جاری و نئے منصوبوں ،جنوبی پنجاب کے تمام کالجز میں جاری تعلیمی سرگرمیوں ، فنڈز کے استعمال، نجی کالجز کی رجسٹریشن، ایکس پاکستان لیوکیسز، ڈیپوٹیشن کیسز، پنشن کیسز اور دیگر معاملات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔