جاپان: کورونا کے نئے متاثرین کی تعداد پہلی بار 70 ہزار سے زیادہ

January 26, 2022

جاپان میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین کی تعداد پہلی بار 70 ہزار کا ہندسہ عبور کر گئی۔

ٹوکیو بلدیہ عظمیٰ نے بدھ کے روز دارالحکومت میں کورونا وائرس کے اب تک کے سب سے زیادہ، 14 ہزار 86 نئے متاثرین کی تصدیق کی ہے۔

یہ منگل کے مقابلے میں 1200 سے بھی زیادہ اور مسلسل دوسرے روز بلند ترین ریکارڈ ہے، گزشتہ بدھ کے مقابلے میں یہ تعداد 6 ہزار 700 سے زیادہ بلند یا ایک اعشاریہ 9 گنا ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کے حکام کے مطابق 18 مریضوں کی حالت نازک ہے جو منگل کے مقابلے میں چار کا اضافہ ہے۔

ملک کے دیگر پریفیکچروں میں سے اوساکا میں 9 ہزار 813، کاناگاوا میں 4 ہزار 794، آئیچی میں 4 ہزار 663، ہیوگو میں 4 ہزار 303، سائیتاما میں 3 ہزار 890، فوکواوکا میں 3 ہزار 615، چیبا میں 2 ہزار 621، کیوتو میں 2 ہزار 216، ہوکائیدو میں 2 ہزار 91، شیزواوکا میں ایک ہزار 461، اوکیناوا میں ایک ہزار 256، ہیروشیما میں ایک ہزار 252، اور کُماموتو میں ایک ہزا 18 نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری جانب جاپانی حکومت، کورونا وائرس انفیکشنز میں بھاری اضافے کے تناظر میں مناسب طبی خدمات کی دستیابی یقینی بنانے میں ایک مشکل چیلنج کا سامنا کر رہی ہے۔

اومی کرون متغیر قسم کے انتہائی متعدی ہونے کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت ملک بھر کے اسپتالوں میں بستروں پر مریضوں کے تناسب پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے۔

منگل کے روز ٹوکیو میں یہ تناسب بڑھ کر 39.8 فیصد ہو چکا تھا، یہ 50 فیصد کی اس شرح سے صرف تقریباً 10 فیصد پوائنٹ کم ہے جو مقامی حکومت نے مرکزی حکومت سے دارالحکومت میں اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کی درخواست کرنے کے لیے طے کر رکھی ہے۔

حکومت کا ہدف اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صحت دیکھ بھال نظام اس طرح سے فعال رہے کہ ہر مریض کو اسکی بیماری کی حالت کے مطابق مناسب علاج معالجہ اور دیکھ بھال کی سہولت دستیاب رہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اینٹیجَن ٹیسٹ کِٹس کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، ان کِٹس کی طبی اداروں اور عوامی صحت مراکز میں بہت زیادہ طلب ہے۔