نعمان اعجاز سوشل میڈیا کے چوہدریوں سے پریشان

January 28, 2022

نعمان اعجاز سوشل میڈیا کے چوہدریوں سے پریشان

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز سوشل میڈیا کے چوہدریوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی نفرت انگیز خبروں سے پریشان ہیں۔

نعمان اعجاز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئر نگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ایک نئے پراجیکٹ کے سیٹ سے کچھ ساتھی ادا کاروں کے ہمراہ اپنی تصویر شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’کاش سوشل میڈیا لوگوں کو چھوڑدیتا‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’کاش سوشل میڈیا کے چوہدری پیجز چلانے کے لیے محبت پھیلاتے نا کہ نفرتیں‘۔

اداکار نے مزید لکھا کہ’ کاش سوشل میڈیا کے چوہدری کہلانے والے بلیک میلرز نہ ہوتے، اللہ ان کو ہدایت دے، آمین‘۔

نعمان اعجاز کی اس پوسٹ کو گزشتہ روز سامنے آنے والی ایک خبرپر دیا گیا ردِعمل بھی سمجھا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سے ایک اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے، جس میں ایک صارف نے نعمان اعجاز سے گزارش کی کہ وہ فیصل قریشی کو اپنے شو میں مدعو کریں۔

نعمان اعجاز نے صارف کی اس گزارش کا جواب دیتے ہوئے مذاق میں لکھا کہ’ہم نے اُن سے کئی بار پوچھا ہے لیکن اُن کے پاس کبھی وقت ہی نہیں ہوتا‘۔

جسے سوشل میڈیا کے کچھ پیجز پر تھوڑا مصالحہ لگا کر پیش کیا گیا اور یہ اسکرین شاٹ فیصل قریشی تک بھی پہنچ گیا۔

فیصل قریشی نے یہ وائرل اسکرین شاٹ دیکھ کر نعمان اعجاز سے معذرت کی اور کہا کہ نعمان اعجاز اُن کے بڑے ہیں اگر حکم کرتے تو وہ سر کے بل چل کر اُن کے پاس پہنچتے‘۔