سوئی: دہشتگرد وں کاحملہ، سرفراز بگٹی کے کزن سمیت 4 لیویز اہلکار شہید، 8 افراد زخمی

January 28, 2022

سابق وزیرِ داخلہ بلوچستان و سینیٹر سرفراز بگٹی جن کے کزن دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے ہیں—فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں موندرانی مٹ کے قریب دہشت گرد وں نے حملہ کیا ہے، بم دھماکے کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید اور 9 افراد زخمی ہو گئے۔

سابق وزیرِ داخلہ بلوچستان و سینیٹر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ شہید افراد میں ان کے کزن بھی شامل ہیں، بلوچ ریپبلکن آرمی کے دہشت گرد اس حملے میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سے پوچھتا ہوں کہ اس نے کیوں ہمیں دہشت گردوں کے آگے پھینک دیا ہے۔

سابق وزیرِ داخلہ بلوچستان، سینیٹر سرفراز بگٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات کے نام پر مذاق کر رہی ہے حالانکہ لوگوں کی مدد کرنا ریاست کی ذمے داری ہے۔

لیویز حکام کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعد کوئٹہ اور سکھر منتقل کیا جا رہا ہے۔

لیویز حکام نے بتایا کہ گزشتہ شب موندرانی کے علاقے میں سولر سسٹم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لیویز اہل کار آج واقعے کی تحقیقات کے لیے موندرانی پہنچے تو دہشت گردوں کی جانب سے دھماکا کیا گیا۔