وزیراعظم کا دورہ چین، 1- ML منصوبے پر پیش رفت نہ ہوسکی

February 05, 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر) وزیراعظم کا دورہ چین، 10 سے 15 ارب ڈالرز کے معاہدوں کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جب کہ وفاقی کابینہ نے سی پیک کے تحت صنعتی تعاون معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، پاکستان اور چین نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر 10 سے 15 ارب ڈالرز کے مختلف معاہدوں کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، اس میں جمع کروائے گئے 4 ارب ڈالرز میں توسیع، 4 ارب ڈالرز کا نیا قرضہ اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔

تاہم، دونوں ممالک اب تک اربوں ڈالرز کے ایم ایل۔1 منصوبے میں تعطل ختم کرنے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں کرسکے ہیں۔ حالاں کہ اس حوالے سے کئی مرتبہ کوششیں کی جاچکی ہیں۔

ایم ایل۔1 کو حتمی شکل دیئے بغیر حکومت نے اس بات کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں کہ یہ واضح پیغام دیا جائے کہ دونوں ممالک 10 سے 15 ارب ڈالرز کا معاہدہ کرنے جارہے ہیں جو کہ اعلیٰ سطحی دورہ چین کا نتیجہ ہے۔ جب کہ پاکستان کی وفاقی کابینہ نے سی پیک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون معاہدے پر دستخط کی منظوری دے دی ہے۔

اعلیٰ حکام نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی حکام کو امید ہے کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ سے دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور تعاون کا کم از کم حجم 10 ارب ڈالرز سے زائد ہوگا۔ سی پیک کے تحت فریم ورک برائے صنعتی تعاون معاہدہ کے مطابق دونوں ممالک پاکستان کے طویل مدتی صنعتی ترقیاتی منصوبے پر عمل درآمد کے لیے سہولتیں فراہم کریں گے۔