بھارت کی بنگالی لیجنڈ گلوکارہ ’’سندھیا مکھرجی‘‘ انتقال کرگئیں

February 17, 2022

کولکتہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی معروف اور بنگالی لیجنڈ گلوکارہ ’’ سندھیا مکھرجی ‘‘ 90 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں ، ان کا انتقال کولکتہ کے نجی اسپتال میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہوا۔بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے گلوکارہ کے دنیا سے رخصت ہو جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹر پر پیغام جاری کیا ۔تفصیلات کے مطابق بنگالی گلوکارہ سندھیا مکھر جی نے سوگواروں میں بیٹی اور داماد کو چھوڑا ہے ،سندھیا مکھر جی کوبھارت میں لیجنڈ کا درجہ دیا جاتا ہے ،انہوں نے 24 جنوری کو "پدماشری ایوارڈ "لینے سے بھی انکار کر دیا تھا ،اس کے 3 روز بعد ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس پر انہیں سرکاری اسپتال میں داخل کروایا گیا ، ان میں پھیپھڑوں کے انفیکشن کی علامات تھیں ساتھ ہی انہیں سانس لینے میں بھی دشواری تھی ۔ڈاکٹرز کو علاج کے دوران معلوم ہوا کہ سندھیا مکھر جی عارضہ قلب میں بھی مبتلا ہیں جس سےان کی حالت مزید بگڑ رہی ہے ، مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے سندھیا مکھر جی کو " اپولو" اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ڈاکٹرز کا کہناتھا کہ لیجنڈری گلوکارہ کی طبیعت منگل کے روز بگڑنا شروع ہوئی جس کے بعد انہیں شام میں شدید نوعیت کا ہارٹ اٹیک آیا ۔سندھیا مکھرجی کولکتہ میں واقع لیک گارڈنز میں رہائش پذیر تھیں ،لیجنڈری گلوکارہ نے بنگالی فلموں کیلئے ہزاروں کی تعداد میں گانے گائے اور البمز ریکارڈ کروائے، اس کے علاوہ وہ بولی وڈ کیلئے بھی متعدد معروف گانے گا چکی ہیں، انہوں نے بولی وڈ میں گلوکارہ ’’ ہیمنتا مکھرجی ‘‘ کے ساتھ ڈو ئٹس گائے انڈسٹری نے انہیں گیتا شری کے اعزازی نام سے نوازا۔