سکینہ سموں کی فلم 'انتظار کو 19 اگست کو پاکستان میں ریلیز کرنے کا اعلان

August 07, 2022

کراچی (این این آئی)معروف اداکارہ، لکھاری و فلم ساز سکینہ سموں کی بطور ہدایت کارہ بنائی گئی پہلی فلم ʼانتظارʼ کو بالآخر پاکستان بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔سکینہ سموں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں تصدیق کی کہ ان کی فلم ʼانتظارʼ کو رواں ماہ 19 اگست کو پاکستان بھر میں ریلیز کردیا جائے گا۔انہوں نے ʼانتظارʼ کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی انداز میں لکھا کہ ان کا خواب بالآخر جلد ہی حقیقت بننے جا رہا ہے اور لوگ ان کی فلم کو سینما اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔انہوں نے لکھا کہ وہ انتظار کو پہلے ہی سینمائوں میں ریلیز کرنا چاہتی تھیں مگر کورونا کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا تھا اور اب جب حالات معمول پر آ چکے ہیں، تب ان کی فلم شائقین بڑے پردے پر دیکھ سکیں گے۔ʼانتظارʼ کا ٹریلرز 2020 میں جاری کرکے اسے اسی سال ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کورونا کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا تھا۔سکینہ سموں کی بطور ہدایت کار پہلی فلم کو امریکا میں ہونے والے ʼہارلم فلم فیسٹیولʼ سمیت دیگر فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے اور اس کی کاسٹ میں شامل بعض اداکاروں نے ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔