محب مرزا نے’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کو پیسہ وصول فلم قرار دیدیا

March 06, 2022

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)طویل انتظار کے بعد اداکار محب مرزا اور صنم سعید کی رومانٹک کامیڈی ایکشن فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کو پاکستان بھر کے سینماؤں میں پیش کردیا گیا۔’عشرت: میڈ ان چائنا‘ محب مرزا کے 2006 کے مقبول کامیڈی ڈرامے ’عشرت باجی‘ کا تسلسل ہے اور مذکورہ فلم میں جہاں وہ اداکاری کرتے دکھائی دیتے ہیں، وہیں وہ انہوں نے اس کے ذریعے ہدایت کاری کی دنیا میں بھی قدم رکھا ہے۔سٹار کاسٹ کی حامل اس فلم کی شوٹنگ پاکستان اور تھائی لینڈ میں ہوئی ۔ محب مرزا عرف عشرت نے اسے ’پیسہ وصول‘ فلم کہا، جسے دیکھ کر شائقین بہت خوش ہوں گے۔یہ فلم عشرت کے زندگی کے سفر اور چین میں اس کی کایا پلٹنے پر مشتمل ہے۔ محب مرزاکا کہنا ہے کہ یہ فلم تفریح سے بھرپور ہے، شاید آپ کو کچھ چیزیں سمجھنے کے لیے اسے دوبارہ دیکھنا پڑے۔ اس میں ڈسکس کرنے کے لیے بہت چیزیں ہیں۔ محب مرزا نے کہا کہ ’پاکستان میں ایسا ایکشن اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ہوگا۔فلم میں ہیرو کا نام عشرت ہے تو ہیروئن کا نام اختر رکھا گیا۔ یہ مزاحیہ تھا۔‘صنم نے بتایاکہ پرانے زمانے میں ایسے نام ہوا کرتے تھے۔ میری آنٹی کا نام اختر ہے۔ میری دادی کا نام جمال تھا۔‘ ساتھ ہی انہوں نے مشہور گلوکارہ اقبال بانو کا بھی نام لیا۔ صنم نے بتایا کہ چونکہ اس فلم کا سکرپٹ، ہدایت کار اور کاسٹ اچھی تھی تو اسی وجہ سے انہوں نے اس میں کام کرنے کی حامی بھری۔ انہوں نے بتایا کہ اسکرین پر میں نے اس طرح کا کردار پہلے کبھی نہیں کیا۔ ناظرین کے لیے یہ شاک ویلیو ہوگی، کیونکہ میں چاہتی ہوں کہ لوگ یہ دیکھ سکیں کہ میں ہر قسم کا کردار کرسکتی ہوں اور کرنا چاہتی ہوں۔‘ صنم سعید کے مطابق’اختر‘ ایک چلبلی، پُر اعتماد، مزیدار اور شوقین مزاج لڑکی ہے۔ ’میرے پہلے کے کردار تھوڑے سے سنجیدہ اور سیدھے سادھے تھے، تو یہ جو تھوڑا سا الگ کام ہے، مجھے اسے کرنے میں بہت مزا آیا اور امید ہے کہ لوگوں کو یہ پسند آئے گا۔