ہانیہ عامر نے عالیہ بھٹ بننے کی ناکام کوشش کی ہے، سوشل میڈیا صارفین

March 15, 2022

کراچی (این این آئی) پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کا اداکارہ ہانیہ عامر سے متعلق کہنا ہے کہ وہ عالیہ بھٹ بننے کی کوشش کر رہی ہیں ۔گزشتہ روز ہانیہ عامر کی جانب سے اپنے ساتھی اداکار علی رحمن کیساتھ آنیوالی نئی فلم ʼپردے میں رہنے دوʼ کے گانے ʼپیلا رنگʼ کی تشہیر کی گئی۔گانے کی پروموشن کیلئے ہانیہ عامر نے کریم رنگ کی شلوار قمیص کا انتخاب کیا اور بالوں کا جوڑا بنائے، سفید پھول لگائے کراچی کی سڑکوں مال میں خوب ہلا گلا کرتی نظر آئیں۔ ہانیہ عامر کے ہمراہ اس دوران علی رحمن اور فلم کی پروڈیوسر بھی موجود تھیں۔ہانیہ عامر کی جانب سے کیے جانے والے ہر عمل کی طرح مداحوں کو یہ انداز بھی پسند نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیلی ہانیہ عامر کی یہ نئی ڈانس ویڈیوز پر انٹرنیٹ صارفین نے ایک بار پھر اْنہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ہانیہ عامر کے کریم رنگ کے لباس، کمر تک گہرا گلا اور بالوں میں پھول لگانے کو بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ کی نقل کی کوشش قرار دے دیا ہے۔ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر شیئر کی گئی ویڈیوز کے کمنٹ باکس میں مداحوں کا سینکڑوں کمنٹس میں کہنا ہے کہ ہانیہ عامر کو کم از کم اپنی فلم کی پروموشن کیلئے اپنا کوئی انداز اپنانا چاہیے تھا۔صارفین کی جانب سے کمنٹس میں لکھا جا رہا ہے کہ ʼہانیہ عامر نے بھارتی فلم گنگو بائی جیسا انداز اپنایا ہے۔ʼمداحوں نے کہا کہ ʼہانیہ عامر نے عالیہ بھٹ بننے کی ناکام کوشش کی ہے‘۔