نوکری کے بہانے لڑکی سے زیادتی

March 15, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سرگودھاسے نوکری کے لئے لڑکی کو بلاکرزبردستی بے آبروکرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔تھانہ مری کو 24 سالہ ( غ ) نے بتایا کہ شاہد منور کے ساتھ پرانے گھریلو تعلقات تھے جو آجکل راولپنڈی میں ہے ۔ اس نےمجھے نوکری کے سلسلے میں راولپنڈی بلوایا ، 10مارچ کو میں اور میرے والد سرگودھا سے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوئے شام 4بجے ہم راولپنڈی پہنچے تو شاہد منور نے ہمیں بتایا کہ آفس بند ہوگیاہے وہ صبح مجھے انٹرویو کے لئے لے جائے گا اسکے بعد اس نے مریڑ چوک کے قریب کمرہ بک کرواکردیا ۔صبح اس نے میرے والد کو تسلی دے کر گاؤں واپس بجھوا دیا انکو بتایا کہ جاب ہوگئی ہے میں ہاسٹل کا انتظام کردوں گا ،اس دوران اس نے ہمیں اپنا نام حماد بتایا تھا ۔جیسے ہی میرے والد چلے گئے شاہد منور نے اپنے ڈرائیور کو بھیجا کہ ہاسٹل کا انتظام ہوگیاہے آجاؤ جب میں ڈرائیور کے ہمراہ پہنچی تو وہ اپنی گاڑی میں ماسک لگا کر بیٹھا تھا اس نے دو افراد کے ہمرا ہ زبردستی مجھے اپنی گاڑی میں بٹھایا اور مری کی جانب روانہ ہوگیا، وہ مجھے ایک میس میں لے گیا ۔رات 10بجے شاہد منور میرے کمرے میں آیا اور زبردستی مجھے زیادتی کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق ملزم کنٹریکٹرہے ۔