گجرات فائلز کے بارے میں بھی بات کرنا چاہیے، کانگریس رہنما

March 27, 2022

پونے(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سشیل کمار شندے نے کہا ہے کہ گجرات فسادات پر ایک صحافی کی تحریر کردہ کتاب کی بھی ʼدی کشمیر فائلز جتنی تشہیر کی جانی چاہیے۔ شندے نے اس معاملے پر بھارتی وزیر اعظم اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے دیگر لیڈروں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے وویک اگنی ہوتری کی لکھی اور ہدایت کاری میں بننے والی فلم نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہاکہ ’’میں نے فلم کشمیر فائلز نہیں دیکھی لیکن بہت سے لوگ اس کے بارے میں بات کر رہے ہیں لیکن کشمیر فائلز سے پہلے صحافی رانا ایوب کی کتاب گجرات فائلز (اناٹومی آف کور اپ) بھی موجود ہے۔شندے نے سولاپور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیراعظم اور دیگر دی کشمیر فائلز کی تشہیر کر رہے ہیں، انہیں گجرات فائلز کے بارے میں بھی بات کرنا چاہیے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے کہا کہ کسی بھی واقعہ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح لوگوں کے جذبات کو بھڑکانا بی جے پی کی پرانی حکمت عملی ہے۔دریں اثنا، سشیل کمار شندے نے جھگی بستی کے فٹ بال کھلاڑیوں پر مبنی فلم ’جھُنڈ‘ کا ذکر کرتے ہوئے پسماندہ شہری ماحول میں سماجی خدمات کے طور پر اس کے کردار کی تعریف کی۔