مریم نواز نے ’خفیہ خط‘ کو مذاق قرار دے دیا

March 31, 2022

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سامنے لائے گئے متنازع خفیہ خط کو ایک اچھا مذاق قرار دے دیا ہے۔

حالیہ سیاسی صورتحال سمیت سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خوب متحرک نظر آنے والی سیاست دان مریم نواز نے عمران خان کی جانب سے عوام کے سامنے لائے گئے خفیہ خط سے متعلق ٹوئٹ کیا ہے۔

مریم نواز نے جیو نیوز کی جانب سے چلائے گئے عمران خان کے ایک بیان ’خط ہمارے اپنے سفیر کی جانب سے لکھا گیا ہے، ملک کا نام نہیں بتا سکتے‘کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کیپشن میںلکھا ہے کہ ’یہ ایک اچھا مذاق ہے۔‘

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد کے جلسے میں اپنی تقریر کے آخر میں جیب سے ایک مبینہ خط نکالا تھا، پھر اسے لہراتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی طرح ان کی حکومت گرانے کے لیے عالمی سازش ہورہی ہے، یہ دھمکی آمیز خط ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ سابق حکمرانوں کے اقدامات کی وجہ سے پاکستان کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے پاس کوئی خط نہیں ہے، یہ محض دورہ روس سے قبل امریکا، پاکستان رابطے کا ایک ٹرانسکرپٹ ہے۔