• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کا تحریک عدم اعتماد میں کردار سے لاتعلقی کا اظہار


امریکی محکمہ خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں کردار سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے جیو نیوز کی جانب سے بھیجے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ عدم اعتماد میں امریکا کے ملوث ہونے کے الزامات میں صداقت نہیں۔

محکمہ خارجہ نے کہا کہ عدم اعتماد کے بارے میں دھمکی آمیز خط میں بھی صداقت نہیں، پاکستان میں جاری صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں۔

امریکا کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے آئینی عمل کی تکریم کرتے ہیں اور پاکستان میں قانون کی حکمرانی کو سپورٹ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میرے خلاف عالمی سازش کی گئی ہے۔

عمران خان نے پریڈ گراؤنڈ میں امر بالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایک خط جیب سے نکال کر دیکھایا تھا اور کہا تھا کہ ہمیں تحریری دھمکیاں دی گئی ہیں، میرے پاس خط ثبوت کے طور پر موجود ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بیرونی سازش کی تفصیلات وقت آنے پر قوم کو بتاؤں گا، پیسہ باہر کا ہے اور لوگ ہمارے استعمال ہو رہے ہیں، ہمارے زیادہ تر لوگ انجانے میں استعمال ہو رہے ہیں اور کچھ جان بوجھ کر ہمارے خلاف پیسہ استعمال کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید