عمران خان نے سازشی خط پر فوری واویلا کیوں نہ کیا؟ شہباز شریف کا سوال

April 01, 2022


مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے بیانات پر ردعمل دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے استفسار کیا کہ کیا غیرملکی سازش کا آج علم ہوا؟ خط 7 تاریخ کو آیا تو 3 ہفتے کیوں چپ رہے؟ فوری واویلا کیوں نہ کیا؟

انہوں نے استفسار کیا کہ اوآئی سی میں امریکی نمایندے کو کیوں بلایا؟ آپ یہ ڈرامے بازی کس کو دکھا رہے ہیں؟

اپوزیشن لیڈڑ نے مزید کہا کہ عمران خان اب کہہ رہے ہیں کہ بین الاقوامی سازش ہوئی ہے، خدا کا خوف کریں کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں؟ یہ آپ کا آخری اور بھونڈا ہتھکنڈا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد امریکا سے واپسی پرکہا تھا کہ دوسرا ورلڈکپ لائے ہیں۔

شہباز شریف نےیہ بھی کہا کہ آپ کی شکست فاش صاف نظر آرہی ہے تو آپ دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں، یہ ہے آپ کی جمہوریت پسندی؟

انہوں نے کہاکہ ایک ضدی ،ڈھیٹ آدمی جو کہتا ہے ،میں نہ مانوں اس کا کوئی علاج نہیں،اس کا ایک ہی علاج ہےکہ ہم قانون کےمطابق انھیں ہٹائیں، قوم کی جان چھڑائیں۔

ن لیگی صدر نے مزید کہاکہ ہمارے ادوار کی ایک دہلے کی کرپشن یہ سامنے نہیں لاسکے ہیںکیونکہ ہمارے منصوبوںمیں اربوں روپے کی بچت ہوئی۔

اُن کا کہنا تھاکہ عام آدمی کے لیےمل کرکام کریں گے،ہماری پہلی ترجیح غریب آدمی ہے،کھربوں روپے کے قرضے لیے گئے،ہم آئی ایم ایف کے اسیر بن چکےہیں۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی ایک ڈوبتا آدمی ہے جو تنکے کا سہارا ڈھونڈ رہا ہے،اس کا ایک ہی علاج ہے کہ ہم قانون کے مطابق انہیں ہٹائیں اور قوم کی جان چھڑائیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بھارت کی فارن پالیسی کی تعریف کررہے ہیں،وہ بھارت سےمتعلق نیوٹرل کی کچھ تعریف کرتے ہیں،ہمارے لیےکچھ تعریف کرتےہیں۔

ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ لائن پر کوئی جادوگر تھا نہ کوئی اور، میرےساتھ اللہ کا ایک بندہ تھا،میاں صاحب اپنے علاج کے بعد جلد از جلد واپس آئیں گے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مفروضوں پر نہیں ٹھوس دلائل پر بات کرتا ہوں، احتساب کا بیانیہ دم توڑ چکا، احتساب کے نعرے کی آڑ میں بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پرسوں آپ کے سیاسی ناٹک کا خاتمہ ہوگا، عمران نیازی یہ قوم اب آپ کو اجازت نہیں دے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ آپ کا آخری اور سب سے بھونڈا اقدام ہے، آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ پرسوں آپ کو شکست فاش ہو گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ آپ ایک جھرلو کے ذریعے آئے اور ہم آئینی طریقے سے آپ کو ہٹا رہے ہیں، اب آپ کہتے ہیں میں ایک لاکھ لوگ لاؤں گا۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ میں تو عمران کی تقریر سنتا نہیں، لیڈر آف دی اپوزیشن ہوں اور مجھے معلومات تو مل جاتی ہے، عمران خان نے گالم گلوچ کو آرڈر آف دی ڈے بنادیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کل انہوں نے کہا کہ ان کے باہر اثاثے ہیں، تمہیں شرم آنی چاہیے عمران نیازی یہ باتیں دہراتے ہوئے، اگر ہمارے باہر اثاثے ہیں تو تم لے کر کیوں نہیں آئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں اتنی کون سے سازش ہے کہ 20 منٹ میں ارکان اپنا امیدوار سامنے لائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کہا 90 دن میں کرپشن کا خاتمہ کر دوں گا، کہا پٹرول کی قیمت بڑھے یا ڈالر مہنگا ہو تو وزیر اعظم کرپٹ ہے، ہم نے اپنے ادوار میں کرپشن کے خاتمے کا کبھی ڈھنڈورا پیٹا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آپ کہتے ہو ڈرون میں نے رکوائے، ریکارڈ پر ہے نواز شریف نے ڈرون کے خلاف ہر فورم پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی، مالم جبہ اور ہیلی کاپٹر ریفرنس کے لیے کوئی کیس نہ بنا، چینی، بجلی مہنگی ایل این جی اور گیس پر بہت وعدے ہوئے، لیکن کون سا کیس بنا۔

شہباز شریف نے کہا کہ لندن کی کرائم ایجنسی کو میرے اور میرے بیٹے کے پیچھے لگایا گیا، ہر ملک سے انہوں نے رابطہ کیا لیکن پونے 2 سال بعد انہوں نے کہا کہ کچھ نہیں ملا۔

اُن کا کہنا تھا کہ کیوں آپ نے خط جلسے میں لہرایا، اسے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سامنے رکھا، کل آپ نے پہلے کہا امریکا نےخط لکھا اور پھر کہا نہیں نہیں کوئی اور ملک ہے۔

اپوزیشن لیڈڑ نے مزید کہا کہ او آئی سی کانفرنس میں پھر امریکا کے وفد کو کیوں دعوت دی؟ اسلامی کانفرنس میں کیوں کہا کہ ہمارا امریکا سےبہت اچھا تعلق بنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آپ نےریاست مدینہ کے فلسفے اور خدمات کو نقصان پہنچایا، کس منہ سے آپ ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں یہاں دعوت کرنے نہیں آیا لیکن ہم جان لڑا کر مہنگائی کو کم کریں گے، غربت کے خاتمے کے لیے کوشش کریں گے باقی خدا کے ہاتھ میں ہے۔