مسجدِ نبوی ؐ کا واقعہ عمران خان کے بدترین اختتام کا آغاز ہے: محسن داوڑ

April 29, 2022

رکنِ قومی اسمبلی محسن داوڑ نے مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے واقعے پر سابق وزیرِ اعظم کو مخاطب ہو کر کہا ہے کہ عمران خان صاحب! یہ واقعہ آپ کے بدترین اختتام کا آغاز ثابت ہو گا۔

یہ بات رکنِ قومی اسمبلی محسن داوڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی گالم گلوچ کا شرمناک واقعہ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔

محسن داوڑ نے مزید کہا کہ مسجد نبوی ﷺ میں پی ٹی آئی کارکنوں نے منصوبہ بندی سے حکومتی رہنماؤں سے گالم گلوچ کی۔

رکنِ قومی اسمبلی کا سوشل میڈیا پر بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہمارے سیاسی اور سماجی کلچر کے المناک تنزل کو ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کے اراکین کی مسجدِ نبوی ﷺ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کے موقع پر بعض افراد کی جانب سے شرمناک نعرے بازی کا واقعہ پیش آیا ہے۔