ملکہ برطانیہ ننھی پری لیلیبٹ سے ملنے کیلئے بے تاب

May 08, 2022

فوٹو، فائل

ملکہ الزبتھ دوئم شاہی خاندان کی ننھی پری، اپنے پوتے شہزادہ ہیری کی بیٹی لیلیبٹ ڈیانا سے ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے ملکہ کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے برطانیہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہی نہیں بالکہ شاہی جوڑا اپنے بچوں آرچی اور لیلیبٹ کو برطانیہ لانے کے لیے بھی کافی خوش ہے۔

تو اس کا مطلب ہے کہ ملکہ برطانیہ ، شہزادہ چارلس، شہزادہ ولیم، کیٹ مڈلٹن اور شاہی خاندان کے دیگر افراد بالآخر پلاٹینم جوبلی کی تقریبات کے دوران پہلی لیلیبٹ ڈیانا سے ملیں گے۔

اس بارے میں کافی شکوک و شبہات تھے کہ آیا ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس اگلے ماہ پلاٹینم جوبلی کی تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے برطانیہ آئیں گے۔

لیکن اب شاہی جوڑے نےخود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ ملکہ کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

اس حوالے سے ہیری اور میگھن نے کہا کہ ’بطور فیملی اپنے پہلے دورۂ برطانیہ پر وہ دونوں آرچی اور لیلیبٹ ڈیانا کو برطانیہ لانے کے لیے پرجوش ہیں‘۔

دوسری جانب، ملکہ الزبتھ اور شہزادہ چارلس بھی ہیری اور میگھن کے بچوں سے ملنے کے لیے بے چین ہیں اور آخر کار اب اگلے ماہ وہ بچوں سے ملیں گے۔

تاہم، بکنگھم پیلس کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر شہزادہ ہیری اور میگھن، شاہی خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ محل کی بالکنی میں نظر نہیں آئیں گے اور صرف چند تقریبات میں شرکت کریں گے۔