بھارت، لوڈشیڈنگ کے سبب بہنوں کے دولہے تبدیل

May 11, 2022

تصویر بشکریہ، این ڈی ٹی وی

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں لوڈشیڈنگ کے سبب دو بہنوں کے دولہے تبدیل ہو گئے، بہنیں غلط دلہوں کے ساتھ پھیرے لینے سے بال بال بچ گئیں۔

بھارتی ویب سائٹ ’ این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق مدھیہ پردیش کے گاؤں اسلانا میں ایک ہی دن تین بہنوں کرشمہ، نیکیتا اور کومل کی شادی کی تقریب جاری تھی، اس دوران بجلی چلی گئی، اندھیرا ہونے کے سبب دو بہنیں غلط دولہوں سے شادی کرتے بال بال بچ گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کرشمہ کی شادی گنیش جبکہ نیکیتا کی شادی بھولا سے طے پائی تھی، اِن دونوں بہنوں کے دولہے اس وقت تبدیل ہو گئے جب بھولا اور گنیش شادی کی روسومات کے لیے ایک دوسرے کی دُلہن کے پاس جا بیٹھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ صورتحال اندھیرے اور دونوں دلہنوں کے ایک جیسے عروسی لباس ہونے کے سبب پیش آئی تھی۔

دونوں بہنیں اس صورتحال سے اس وقت بچیں جب سات پھیرے لینے سے قبل ہی بجلی واپس آ گئی اور مہمانوں نے صورتحال کو بھانپ لیا۔

جوڑوں کے صحیح ترتیب سے بیٹھنے کے بعد شادی کی رسومات مکمل کی گئیں۔

بھارت میں پیش آنے والا یہ دلچسپ واقعہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہے۔