مقبوضہ مغربی کنارہ: اسرائیل کا خاتون صحافی کی موت کی تحقیقات کا وعدہ

May 11, 2022

فلسطینی نژاد امریکی صحافی شیریں ابو عاقلہ - فوٹو: فائل

بین الاقوامی سطح پر مذمت کے بعد اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی تحقیقات کروانے کا وعدہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گینٹز نے کہا ہے کہ اس معاملے پر اسرائیل امریکی اور فلسطینی حکام سے رابطے میں ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی حکام نے عرب ٹی وی چینل الجزیرہ سے تعلق رکھنے والی خاتون صحافی ابو عاقلہ کے قتل کا الزام الٹا فلسطینیوں پر لگا دیا تھا۔

خیال رہے کہ فلسطینی نژاد امریکی صحافی شیریں ابو عاقلہ مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئی تھیں۔

شیریں ابوعاقلہ کی موت پر اسرائیلی فورسز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکی مندوب تھامس گرین فیلڈ نے قابض اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں فلسطینی نژاد امریکی خاتون صحافی کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ خاتون صحافی کے قتل کی شفاف طریقے سے تحقیقات ہونی چاہیے۔

ادھر یورپی یونین نے بھی مقبوضہ مغربی کنارے میں الجزیرہ کی فلسطینی نژاد امریکی صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی شدید مذمت کی۔

تاہم اب اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنے بیان میں اس معاملے پر معافی مانگی ہے لیکن ساتھ میں یہ بھی کہا کہ انہیں شیریں کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہے، اس معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے گی۔