امریکا میں آسیان ممالک کا سربراہی اجلاس، بائیڈن کا چینی اقدامات پر اظہار تشویش

May 14, 2022

واشنگٹن (جنگ نیوز)امریکی صدر جوبائیڈن نےآسیان اجلاس میں صحت، انفرااسٹرکچر اور سیکورٹی کے شعبوں پر 150ملین ڈالرز (28ارب پاکستانی روپے)خرچ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے،آسیان اجلاس میں توجہ چین پر مرکوز رہی،امریکا کی جانب سے یہ اقدام خطے میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کو کم کرنے کیلئے کیاگیا ہے،روس کا یوکرین پر حملہ کرنا ایجنڈے کا حصہ تھا تاہم بائیڈن انتظامیہ پر امید ہے کہ چین کے خطے میں بڑھتے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکا اپنی توجہ ایشیا پیسفک پر ہی رکھے گا،نومبر میں چین نے ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم آسیان ممالک برونائی، انڈونیشیا، کمبوڈیا، سنگاپور، تھائی لینڈ،لائوس،ویتنام،ملائیشیا اور فلپائن کی معیشت کو سہارا دینے اور کورونا سے نمنٹنے کیلئے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔آسیان رہنمائوں نے کیپیٹول ہل کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے کانگریس رہنمائوں کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھایا۔ مشرقی ایشیائی ممالک نے چین سے متعلق اپنے تحفظات کا کھل کر اظہار کیا۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے چینی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔