شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قیمتوں میں کمی کیلئے وقت مانگ لیا

May 16, 2022

لاہور(آئی این پی)شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قیمتوں میں کمی کیلئے وقت مانگ لیا،آج پیر تک چینی کی قیمت پر حکومت سے دوبارہ مذاکرات متوقع ہیں۔شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایکس ملز ریٹ 70روپے فی کلو کا کہا تھا، حکومت کو واضح کر دیا، 70روپے فی کلو چینی کی فروحت ممکن نہیں۔اس حوالے سے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو ملک میں موجود سرپلس چینی برآمد کرنے کی تجویز دی،اس وقت ملک میں 15لاکھ ٹن سر پلس چینی موجود ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چینی کی برآمد سے حکومت کو زرمبادلہ بھی ملے گا، حکومت سے مختلف معاملات پر بات چیت چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن اور حکومت پنجاب کے درمیان معاملات طے نہیں پاسکے، چینی کسی بھی صورت 70روپے فی کلو نہیں دے سکتے، چینی 70روپے فی کلو دینے سے شوگر انڈسٹری تباہ ہوجائے گی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ20لاکھ ٹن چینی ملکی ضروریات سے زائد پیدا ہوئی ہے، حکومت 15لاکھ ٹن چینی برآمد کر کے ایک ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل کرسکتی ہے۔