بحرانوں کا واحد حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں، اسد عمر

May 16, 2022

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے پاس فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں ،ان کیلئے بہتر ہوگا کہ جلد از جلد انتخابات کا اعلان کرکے عوام کو فیصلہ کا حق دیا جائے، بحرانوں کاواحد حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں، فیصلہ سازی منجمد ،باہر سے پیسہ نہیں مل رہا، ہم سری لنکاسے چند ہفتوں دور ہیں ،گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے ایک ماہ میں اتنی مہنگائی ہوئی جو ساڑھے تین سال میں نہیں ہوئی ، زرمبادلہ کے ذخائر 37 فیصد کم ہو گئے ، افراط زر کی شرح 11سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ رواں سال معیشت کی گروتھ تقریباً چھ فیصد تک پہنچے گی ، عدم اعتماد کی تحریک کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر میں چھ ارب ڈالر سے زائد کمی ہوئی ہے۔ صورت حال انتہائی خطرناک ہوتی جا رہی ہے، بیان آتا ہے کل سے آٹا 800پر آجائے گا لیکن اگلے دن آٹا 1100پر چلا گیا ، زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو رہے ہیں اور باہر سے پیسہ نہیں مل رہا۔ سعودی عرب ، یو اے ای گئے تو واپس خالی ہاتھ آئے۔ آئی ایم ایف بھی قرضہ دینے کیلئے تیار نہیں ۔ ہم سری لنکا سے چند ہفتوں دور ہیں ، فیصلہ سازی منجمد ہے ، پوری کابینہ ایک غیر ملکی کے پاس بیٹھی ہوئی ہے ، وہ بھی ایسا غیر ملکی جو خود اشتہاری ہے ، دہشت گردی کے پیچھے وردی کے نعرے لگانے والے کابینہ میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بیدار اور خود دار ہیں ، حکومت سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو گرفتار کرنے میں لگی ہوئی ہے۔