سرکاری حج اسکیم، 32ہزار 453 عازمین کے ناموں کا اعلان

May 16, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزارت مذہبی امور نے حج قرعہ اندازی کے ذریعہ درخواستیں دینے والے63ہزار 604درخواست گزاروں میں سے سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے 32ہزار 453خوش نصیب عازمین کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کی جانب سے وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود اور وفاقی وزیر ہائوسنگ مولانا عبدالواسع نے سیکرٹری حج کے ہمراہ پریس کانفرنس کے بعد ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعہ حج 2022ء (1443ھ) کے عازمین کا اعلان کیا، ایک ہزار کوٹہ ہارڈ شپ اور 200حجاج کا کوٹہ لیبر کے لئے مختص کیا گیا ہے، حج اخراجات کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا، وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا کہ حج سے متعلق ضروری اخراجات کی تفصیلات ابھی سعودی عرب سے موصول نہیں ہوئیں ، سعودی حکومت کی طرف سے لازمی حج اخراجات کے تعین کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور باضابطہ اعلان کر دیں گے اور حج پالیسی کی بھی منظوری دیدی جائے گی ۔