اتحادیوں کا اجلاس آج طلب، فوری انتخابات اور نگراں حکومت پر مشاورت ہوگی

May 16, 2022

وزیراعظم کا ایک دو دن میں قوم سے خطاب متوقع/ فائل فوٹو

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے، فوری انتخابات اور نگراں حکومت پر مشاورت ہوگی، وزیراعظم کا ایک دو دن میں قوم سے خطاب متوقع، معاشی،سیا سی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے ،سلامتی کمیٹی کا اجلاس بھی زیر غور، وزیراعظم شہباز شریف ابوظہبی سے اتوار کی شام لاہور پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے ان کا طیارہ اسلام آباد لینڈ نہیں کرسکا۔ وزیر اعظم آج صبح اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق مستقبل کی حکمت عملی کیلئے شہباز شریف نے آج اتحادی جماعتوں کے قائدین کا مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

شہباز شریف حکومتی مستقبل سے متعلق آپشنز اتحادی جماعتوں کے قائدین کے سامنے رکھیں گے، تمام اتحادی جماعتوں کی منظوری کے بعد ہی حکومت حتمی فیصلہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں انتخابی اصلاحات پر مشاورت ہوگی، وزیراعظم کل کابینہ کو بھی ایم ایشوز پر اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا ایک دو دن میں قوم سے خطاب بھی متوقع ہے۔

وزیراعظم ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ایک تجویز یہ بھی ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کو بھی ملکی سلامتی پر اعتماد میں لیا جائے۔