یوکرینی اولمپک اسٹار نے روسی فوج کو خبردار کردیا

May 16, 2022

فائل فوٹو

خاتون اولمپک اسٹار شوٹر نے یوکرینی فوج میں شمولیت اختیار کرکے روسی فوجیوں کو خبردار کردیا۔

اولمپک گولڈ اپنے نام کرنے والی یوکرین کی چیمپئن شوٹر اب اپنی صلاحیتوں کو اپنے وطن کو روسی افواج کے حملے سے بچانے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔

22 سالہ کرسٹینا دمترینکو نے 2016 کے یوتھ اولمپک گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا تھا جبکہ رواں سال فروری میں، وہ یوکرین کے مغرب میں کارپیتھین پہاڑوں میں گئی تھیں جہاں وہ ایک بین الاقوامی مقابلے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی تھیں۔ تاہم، روس نے 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کردیا، جس کے بعد سب کچھ بدل دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کرسٹینا 27 فروری کو سوئٹزرلینڈ اور پھر مقابلے کے لیے اٹلی جانے والی تھیں لیکن روسی افواج کے حملے سے اُن کا کھیل متاثر ہوگیا اور پھراُنہوں نے یوکرین کے نیشنل گارڈ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا جہاں اُنہوں نے اپنی قوم کے حملہ آوروں کے خلاف ہتھیار اٹھانے کے لیے کوالیفائی کیا۔

کرسٹینا نے کہا کہ ’میں نے اپنی زندگی میں کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ سب کچھ ایسا ہو گا لیکن مجھے دشمن سے کوئی خوف نہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں اچھی طرح سے گولی چلاتی ہوں تاکہ حملہ آوروں کو موقع نہ ملے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے ہاتھ میں جو بھی ہتھیار ہے، چاہے میں مقابلے میں ہوں یا فوج میں، میں آخری دم تک کھڑی رہوں گی اور فتح یقینی طور پر ہماری ہوگی۔‘