معیشت کی بحالی کیلئے حکومت مدت پوری کرے گی، اتحادیوں کا فیصلہ

May 17, 2022

فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف کو اتحادی جماعتوں نے سخت فیصلوں پر ساتھ دینے کی یقین دہانی کروادی جبکہ 2023 تک حکومت کی مدت پوری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں اہم امور پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری، خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزراء میں اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف، سعد رفیق اور مریم اورنگزیب بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے فیصلہ کیا کہ حکومت اگست 2023 تک اپنی مدت پوری کرے گی۔ مدت پوری کرنے کا فیصلہ تباہ حال معیشت کی بحالی کےلیے کیا گیا۔

اتحادیوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا کہ معیشت کے استحکام کے لیے معاشی ٹیم کی جانب سے فوری اقدامات کیے جائیں۔

اتحادیوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ معیشت کی بہتری کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کو فوری حتمی شکل دی جائے۔

ساتھ ساتھ اتحادی رہنماؤں نے معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کے سخت فیصلوں پر ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ حکومت کے ساتھ ہیں اور ہر فیصلے میں ساتھ ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ اتحادی جماعتوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پنجاب میں ممکنہ سیاسی بحران سے نمٹنے کو تیار ہیں۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری قانونی رائے لی جائے۔

اس اجلاس میں آئندہ الیکشن کے لیے انتخابی اصلاحات جلد مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔