پی ٹی آئی حکومت نے گوادر کی ترقی کو نظر انداز کیا، احسن اقبال

May 17, 2022

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سابق حکومت نے گوادر کی ترقی کو نظر انداز کیا۔ جہاں گوادر کے منصوبے چھوڑ کر گئے تھے وہیں کھڑے ہیں۔

گوادر کے دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا گوادر کی صورت حال دیکھ کر دکھ ہوا، وفاقی وزیر نے کہا کہ عنقریب وزیر اعظم گوادر کا دورہ کریں گے اور گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گوادر میں منصوبوں پر کام تیز کرے گی۔ وزیر اعظم گوادر ڈیسیلینیشن پلانٹس کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے گزشتہ چار سالوں میں گودر کو نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے کہا گوادر پورٹ کی ترقی میں مجرمانہ غفلت برتی گئی گوادر پورٹ کی ڈریجنگ کریں گے، چار سال گوادر کے منصوبوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ وفاقی وزیر نے کہا گوادر کے شہریوں کا حق ہے کہ پانی اور بجلی سمیت تمام بنیادی سہولتیں ملیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران سے گوادر کے لیے 100 میگاواٹ بجلی فوری درآمد کے لئے بات کی جائے گی۔ گوادر میں نوجوانوں اور خواتین کے لئے روز گار کے لئے منصوبے شروع کریں گے۔ بلوچستان میں پانچ لاکھ گھرانوں کو بی آئی ایس پی کے ذریعے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔