کیا بنگلادیش پر بھی معاشی بحران کا سایہ منڈلا رہا ہے؟

May 18, 2022

فوٹو: فائل

حال میں دیکھا گیا ہے کہ سری لنکا بدترین معاشی بحران سے بری طرح متاثر ہوکر دیوالیہ ہو گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قوم سے خطاب کے دوران سری لنکا کا وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے نے کہا تھا کہ ملک میں صرف ایک دن کیلئے پیٹرول کا ذخیرہ ہے اور معیشت ایک خطرناک صورتحال میں ہے جبکہ آنے والے مہینوں میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری جانب خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ بنگلادیش بھی حالیہ دنوں معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے، جہاں پر کاروباری خسارے میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

بنگلہ دیش کے وزیر خزانہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت موجودہ عالمی صورتحال کے پیش نظر غیر ملکی زرمبادلہ کے انتظام کے بارے میں بہت زیادہ محتاط ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایک غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے اور حکومت اس وقت کوئی غیر ضروری زرمبادلہ خرچ نہیں کرنا چاہتی، لگژری اشیاء کی درآمد کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر خزانہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت نے غیر ملکی زرمبادلہ کے بحران سے بچنے کے لیے ان منصوبوں کو چھ ماہ یا اس سے زیادہ کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگلادیش میں برآمدات سے ہونے والی آمدنی نہیں بڑھ رہی جبکہ درآمدات پر ہونے والے خرچ میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

زرمبادلہ بچانے کے لیے دیگر اقدامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری اہلکار کوئی غیر ملکی دورہ نہیں کریں گے جب تک کہ ضروری نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ جب وقت مشکل ہوتا ہے تو حکومت کو سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں، یہ فیصلے دنیا کی مجموعی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔