سری لنکا کے پاس پیٹرول صرف ایمبولینس چلانے کیلئے رہ گیا

May 18, 2022

سری لنکا کے وزیر برائے بجلی اور توانائی کا کہنا ہے کہ پیٹرول کا بہت کم ذخیرہ موجود ہے جو ایمبولینس جیسی ضروری خدمات کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔

پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے سری لنکن وزیر نے کہا کہ سری لنکا کے پاس پیٹرول شپمنٹس کی ادائیگی کیلئے ڈالرز نہیں ہیں، کولمبو پورٹ پر پیٹرول شپمنٹ 28 مارچ سے موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پیٹرول حاصل کرنے کیلئے ادائیگی سے قاصر ہے، کریڈٹ لیٹرز کھولنے کیلئے ڈالرز کی قلت ہے، ہم فنڈز تلاش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کم از کم ہفتے کے آخر تک پیٹرول دستیاب نہیں ہوگا، شہری دو دن تک ایندھن کیلئے قطار نہ لگائیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے کہا تھا کہ ملک میں صرف ایک دن کیلئے پیٹرول کا ذخیرہ ہے اور معیشت ایک خطرناک صورتحال میں ہے۔