پنجاب حکومت کے خاتمے کی باتیں من گھڑت ہیں، ن لیگ

May 18, 2022

مسلم لیگ (ن) پنجاب نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز صوبے میں بہتری کے لیے ریفارمز لائیں گے۔

ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں اویس لغاری اور عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کی اور پنجاب حکومت کے خاتمے کی باتوں کو من گھڑت قرار دیا۔

اویس لغاری نے کہا کہ عثمان بزدار نے صوبے کا بیڑہ غرق کیا، حمزہ شہباز صوبے کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئینی بحران کو حل کرنا ہوگا، سیاسی استحکام کے بغیر ملکی معیشت میں بہتری ممکن نہیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز صوبے میں بہتری کے لیے ریفارمز لائیں گے، تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، ہم پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے پنجاب حکومت ختم ہونے کی خوشیاں منارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ پنجاب حکومت ختم ہوگئی، اس طرح کی تمام باتیں من گھڑت ہیں۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ وقت سے پہلے خوشیاں نہیں منانی چاہئیں، آپ نے بالکل گھبرانا نہیں ہے، کچھ نہیں ہونے جارہا۔