70 ارب کے صوابدیدی فنڈز ختم، PSDP کیلئے 700 ارب روپے مختص کرنیکی تجویز

May 20, 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر) 70 ارب روپے کے صوابدیدی فنڈز ختم کر کے پی ایس ڈی پی کیلئے 700 ارب روپے مختص کرنیکی تجویز سامنے آئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں 700 ارب روپے مختص کرکے 200 ارب روپے کی کمی سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وسائل ناکافی ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق، پائیدار ترقی کے مقاصد (ایس ڈی جیز) کے تحت ارکان پارلیمنٹ کے ذریعے 70 ارب روپے کے صوابدیدی فنڈز کو ختم کرنے کی تجویز کے ساتھ حکومت نے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے آئندہ بجٹ 2022-23 میں 700 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔

پی ٹی آئی حکومت نے ایس ڈی جیز پروگرام کے لیے 70 ارب روپے رواں مالی سال کے لیے فراہم کیے تھے جو کہ حلقے کے ارکان پارلیمنٹ کی سفارش پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز استعمال کرتے تھے۔

تاہم، اس کا کوئی طریقہ کار نہیں تھا کہ رقم کو کس طرح استعمال کیا جائے۔ ابتدائی طور پر یہ اسکیم مرکز اور صوبوں کے درمیان 50/50 فیصد اخراجات کے اشتراک کی بنیاد پر طے کی گئی تھی لیکن وفاق نے اپنے حصے کی 50 فیصد رقم فراہم نہیں کی۔