ہمیں اپنے اسکرپٹس کو معاشرتی مسائل کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے، ثمینہ پیرزادہ

May 21, 2022

کراچی (پی پی آئی)سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے کہا ہے کہ پڑھے لکھے لڑکے اور لڑکیوں کا شوبز انڈسٹری میں آنا خوش آئند ہے، اگر ہمیں کامیابی کیلئے ماضی سے کچھ اچھا ملتا ہے تو اسے اپنانا چاہیے۔میڈیا کے مطابق ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ ایک وقت وہ بھی تھا جب شام کے وقت ٹی وی ڈرامہ لگتا تھا تو گلیاں سنسان ہو جایا کرتی تھیں۔ ایک انٹر ویو میں ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ نئے آنے والے فنکار اچھا کام کر رہے ہیں اور بظاہر ڈرامہ انڈسٹری درست سمت میں گامزن ہے تاہم ہمیں اپنے اسکرپٹس کا رخ تبدیل کرنے اور کہانی کو اپنے معاشرے کے مسائل کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند کرنا ہوگا اور اسٹیج ، ٹی وی اور فلم اس کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ڈرامہ ہمسایہ ملک کے ڈراموں سے بہت بہتر ہے۔ ہمیں ایسی کہانیوں کو موضوع بنانا چاہیے جس سے معاشر ے میں بگاڑ پیدا نہ ہو بلکہ اصلاح کا پہلو نکلے۔