اسٹاک مارکیٹ، کاروباری ہفتے کا اختتام تیزی پر، 117 پوائنٹس کا اضافہ

May 21, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج، حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرائط قبول کئے جانے کی اطلاعات کے مثبت اثرات کے باعث کاروباری ہفتے کا اختتام تیزی پر ہوا، کے ایس ای100انڈیکس میں 117پوائنٹس کا اضافہ ہوا ،43 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہو گئی، 55.76 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،سرمایہ کاری مالیت میں بھی 23 ارب 53کروڑ 20لاکھ روپے کا اضافہ، کاروباری حجم 1.51 فیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرائط کو تسلیم کرنے کی خبروں کے باعث سرمایہ کاروں کی بے چینی میں کمی آئی ہے جس سے کاروباری ہفتے کے آخری روز اگرچہ مارکیٹ میں زیادہ سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی ،جمعہ کو کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں منفی زون میں نظر آئی اور 100انڈیکس میں 45پوائنٹس کی کمی نوٹ کی گئی لیکن بعد ازاں مختلف سیکٹرز میں خریداری سے مارکیٹ مثبت زون میں آگئی اور 100انڈیکس 202 پوائنٹس تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم اختتام پر اس اتار چڑھاو کے بعد کے ایس ای100انڈیکس 117.26 پوائنٹس کے اضافے سے 42983.45 پوائنٹس سے بڑھ کر 43100.71 پوائنٹس پر بند ہوا۔