ڈی جی اینٹی کرپشن کا شیریں مزاری کو فوری رہا کرنے کا حکم

May 21, 2022

ڈی جی اینٹی کرپشن نے شیریں مزاری کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا، شیریں مزاری کو لے جانے والی ٹیم کو ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) کے راستے سے ہی واپس بلا لیا گیا۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے شیریں مزاری کی رہائی کا حکم دیا تھا، اینٹی کرپشن پنجاب کو وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات موصول ہوگئے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن حکام کچھ دیرمیں شیریں مزاری کو ان کے گھر چھوڑ دیں گے۔

اس سے قبل تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے اسلام آباد سے حراست میں لیا تھا۔

پولیس اہلکاروں نے شیریں مزاری کو گاڑی سے باہر آنے کا کہا، انہوں نے مزاحمت کی، فون دینے سے انکار کیا۔

خواتین پولیس اہلکاروں نے شیریں مزاری کو زبردستی گاڑی سے باہر نکالا اور انہیں حراست میں لے لیا گیا۔