زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے مکین پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، رمضان ملا خیل

May 22, 2022

کوئٹہ( پ ر) زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے رہائشی محمد رمضان ملا خیل اور دیگر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رواں مالی سال کے آخری مہینے یعنی جون کا آغاز ہونے والا ہے لیکن زرغون ہاؤسنگ اسکیم میں مکینوں کو پانی کی فراہمی کے سلسلے میں بھی کچھ ہل جل نظر نہیں آتی۔ سخت گرم موسم میں رہائشی پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم میں پانی کی پائپ لائنیں بچھی ہوئی ہیں ۔ ٹیوب ویل فعال ہیں لیکن ٹیوب ویلز کو سپلائی لائنوں سے کنکٹ نہیں کیا گیا۔ اس معمولی مگر اہم کام کے نہ ہونے سے رہائشیوں کو پانی نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ کیو ڈی اے حکام کی توجہ سے کم از کم یہ مسئلہ تو حل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ڈی جی کیو ڈی اے سے اپیل کی کہ وہ مسئلے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے مکینوں کو پانی کی سپلائی بحال کرائیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اسکیم میں کیسکو کا گرڈ اسٹیشن موجود ہے اور یہاں تین ہزار سے زائد رہائشی مکانات اور شاپس بننا ہیں۔ کیسکو کا اس علاقے کیلئے آفس علمدار روڈ پر ہے اور کسی بھی مسئلے کیلئے مکینوں کو دس پندرہ کلومیٹر کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ اسکیم میں کی جانے والی لوڈ شیڈنگ کا سبب کیسکو حکام نے مبینہ بجلی کی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کو قرار دیا تھا مستقبل میں ایسی کسی صورتحال سے بچنے کیلئے اپیل کی گئی تھی کی کیسکو اس گرڈ اسٹیشن میں لائن مین کا تقرر کرے جو نہ صرف اسکیم میں بجلی کی چوری جیسے قبیح کام کی روک تھام کا ذمہ دار ہو بلکہ کسی علاقے میں جمپر وغیرہ بریک ہونے کی صورت میں اس سے رجوع کر کے معاملہ جلد سیٹل کروایا جا سکے۔ انہوں نے چیف ایگزیٹو کیسکو سے اپیل کی اسکیم کیلئے مستقل بنیادوں پر ایک لائن مین کا تقرر کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق گورنر کے دور میں ایس ایس جی سی کی ایک ٹیم نے انہیں کہ مشورہ دیا تھا کہ گیس لائن پر آنے والے اخراجات کم کرنے کیلئے یہاں فائبر پائپ بچھائے جائیں۔ گورنر کے تبدیل ہوتے ہی کہ منصوبہ تعطل کا شکار ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کا سیزن گزرتے دیر نہیں لگے گی۔ اس سے پہلے کہ سردیاں آ جا ئیں اور اسکیم کے رہائشی ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہو جائیں حکومت بلوچستان اس معاملے میں مداخلت کرے اور اسکیم کے اندر پائپ لائن بچھانے کا کام پائیہ تکمیل تک پہنچائے۔ انہوں نے وفاقی محتسب سے بھی اپیل کی کہ وہ پیسے لے لینے کے باوجود گیس کی مین پائپ لائن کی تکمیل میں تاخیر کا از خود نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس جی سی ایل کو اس کام کی تکمیل کا پابند بنائے۔