درخت کاٹنے کے انتہائی مضر اثرات مرتب ہونگے، مصطفیٰ کمال

May 24, 2022

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ درخت کاٹنے کے انتہائی مضر اثرات مرتب ہونگے، ریڈ لائن منصوبے کے معاہدے کے مطابق منصوبے کی زد میں آنے والے ہر درخت کے بدلے دس درخت لگانے تھے،جہاں ریڈ لائن جیسے منصوبے شہر کے لیے ناگزیر ہیں وہیں اس منصوبے کی زد میں آنے والے ہزاروں درختوں کو بے دردی سے کاٹا جانا قطعی طور پر غیر مناسب اور قابل مذ مت عمل ہے علاوہ ازیں میں نے اپنے دور نظامت میں خاص طور وہ مشینیں منگوائی تھیں جو درختوں کو جڑ سمیت نکال کر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتی تھیں، یہ مشینیں آج بھی بلدیہ عظمیٰ کے پاس موجود ہیں تو پھر درختوں کو کاٹنے کے بجائے ان مشینوں کو استعمال نا کرنا سمجھ سے بالاتر ہے؟ پاک سر زمین پارٹی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایک درخت کی جگہ دس درخت لگائے جائیں اور اس بات کی بھی غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں کہ جب جڑ سمیت درختوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی سہولت بلدیہ کے پاس موجود تھی تو پھر ایسا کیوں نہیں کیا گیا۔