بڑھتی مہنگائی سے نمٹنے کیلئے برطانوی حکومت کا 15 ارب پاؤنڈ کا پیکیج

May 26, 2022

برطانوی وزیر خزانہ رشی سونک نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے کیلئے 15 ارب پاؤنڈ کا پیکیج پیش کردیا۔

لندن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چانسلر رشی سونک نے اس حوالے سے پارلیمنٹ میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں ہر گھرانے کوانرجی بلز میں 400 پاؤنڈ کی رعایت ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ 80 لاکھ غریب گھرانوں کو مہنگائی سے نمٹنے میں مدد کیلئے اضافی 650 پاؤنڈ بھی دیں گے۔ رشی سونک کے مطابق گیس اور آئل کمپنیوں پر عارضی ونڈ فال ٹیکس بھی لگادیا ہے۔

رشی سونک نے کہا کہ پیکیج کا 25 فیصد حصہ آئل اورگیس کمپنیوں پر ونڈ فال ٹیکس لگا کر وصول کیا جائے گا۔ حکومت معذور اور معمر افراد کو خصوصی مدد بھی فراہم کرے گی۔

برطانوی وزیر خزانہ نے کہا کہ احساس ہے کہ لوگوں کا گزارا کرنا مشکل ہورہا ہے۔ عالمی حالات کے سبب مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

دریں اثنا میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں مہنگائی گزشتہ 40 برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اکتوبر سے توانائی کے بلز میں 800 پاؤنڈ اضافہ کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اکتوبر سے اوسط گھرانے کا انرجی بل 2800 پاؤنڈ ہو جائے گا۔