مونکی پاکس سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کردیے گئے

May 27, 2022

رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ مونکی پاکس سے نمٹنے کے لیے طبی عملے کی تربیت کا آغاز پیر سے یو ایچ ایس میں ہوگا، ہر اسپتال سے ایک ڈاکٹر، نرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو تربیت دی جائے گی۔

پاکستان میں مونکی پاکس سے بچاؤ کی تدابیر کرنے سے متعلق رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنس لاہور (یو ایچ ایس) میں اجلاس ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جناح اورچلڈرن اسپتال میں مونکی پاکس کے ممکنہ مریضوں کے لیے ایک ایک کمرہ مخصوص کیاجائے گا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ فی الحال پاکستان میں مونکی پاکس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، ڈی جی ہیلتھ آفس پی سی آرٹیسٹ کے لیےکٹس کی خریداری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروفیسر جاوید اکرم کی سربراہی میں ماہرین کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، اینٹی وائرل اور ویکسین کی خریداری کے لیے ڈبلیوایچ او، یونیسیف کو معلومات دینے کا کہا ہے۔

وائس چانسلر یوایچ ایس پروفیسرجاوید اکرم کا کہنا ہے کہ طبی عملے کو ویکسین کے لیے ڈنمارک کی کمپنی سے رابطے میں ہیں، سول ایوی ایشن عملے کو بھی مونکی پاکس سے متعلق تربیت فراہم کی جانی چاہیے، ایئر پورٹس پر ممکنہ مریضوں کی اسکریننگ کے لیےخصوصی اقدامات کیے جانے چاہییں۔

جاوید اکرم نے کہا کہ مونکی پاکس چوہوں سےانسانوں میں آتی ہے، جو لوگ گلہریاں اور چوہے پالتے ہیں وہ محتاط رہیں، کتوں اور بلیوں میں بیماری موجود نہیں تاہم احتیاط ضروری ہے۔

پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ یو ایچ ایس چلڈرن اسپتال کو کلینیکل ٹرائلز سائیٹ بننے میں مدد فراہم کرے گی۔

یو ایچ ایس اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کے درمیان سمجھوتےکی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔