شاہ رخ خان اور گوری نے آریان کو منشیات نہ لینے کا مشورہ دیا تھا؟

May 28, 2022

فائل فوٹو

کروز ڈرگز کیس کی تحقیقات کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو دیے گئے ایک بیان میں ملزم ارباز مرچنٹ نے کہا تھا کہ اُن کے دوست آریان خان کو اس کے والدین نے منشیات کا استعمال نہ کرنے کو کہا تھا۔

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کروز ڈرگز کیس میں گزشتہ روز کلین چٹ دے دی۔

این سی بی کی چارج شیٹ کے مطابق، ارباز مرچنٹ، جسے اس کیس میں بھی گرفتار کیا گیا تھا، اُنہوں نے ایجنسی کو ایک بیان میں کہا کہ آریان خان نے اسے بتایا کہ اس کے والدین نے اسے مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں، خاص طور پر منشیات کا استعمال۔

ارباز مرچنٹ نے اپنے بیانات میں آریان خان کے ملوث ہونے کی بار بار تردید کی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ آریان نے ان سے کہا کہ وہ کروز پر کوئی منشیات نہ لائے کیونکہ این سی بی فعال ہے۔ تاہم، ارباز پھر بھی اپنے جوتوں میں تھوڑا سا گانجہ خود استعمال کرنے کے لیے لے آئے۔

ارباز نے مزید کہا کہ آریسن اور وہ گہرے دوست تھے اور وہ کبھی کبھار خود کو پُرسکون کرنے کے لیے چرس کا استعمال کرتا تھا۔

این سی بی نے تحقیقات کے دوران آریان اور ارباز کے دیگر دوستوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 2 اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب ممبئی کروز شِپ پر چھاپہ مارا گیا تھا جہاں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کو اُن کے دوستوں سمیت منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست لیا گیا تھا۔

تقریباََ 28 دن جیل میں گزارنے کے بعد آریان خان کو گزشتہ برس 30 اکتوبر کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

ممبئی ہائیکورٹ نے آریان کی ضمانت کے لیے 14 شرائط درج کی تھیں، آریان خان پولیس کو بتائے بغیر ممبئی نہیں چھوڑ سکتے اور انہیں ہر جمعہ کو این سی بی کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔

شرائط میں اسی طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونا، اپنے دوست ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے ملزموں سے بات چیت نہ کرنا اور میڈیا سے بات نہ کرنا شامل ہیں۔

اگر ان شرائط میں سے کسی کی خلاف ورزی ہوتی تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) آریان خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست کر سکتا تھا۔