منیزہ ہاشمی کی کتاب ’’کنورسیشن ود مائی فادر‘‘ کی رونمائی

May 29, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں معروف شاعرفیض احمدفیض کی بیٹی منیزہ ہاشمی کی کتاب "Conversations with my father"کی رونمائی حسینہ معین ہال میں کی گئی ،تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، فیض احمد فیض کی صاحبزادی منیزہ ہاشمی، سلیمہ ہاشمی، زہرا نگاہ، مہتاب اکبر راشدی، غازی صلاح الدین، ارشد محمود کے علاوہ فیض احمد فیض کے مداحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض سمیرا خلیل نے انجام دیے، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ فیض احمد فیض کی یادیں آج بھی آرٹس کونسل کی درودیوار میں موجود ہیں، اس کی بنیادوں میں ان کا بہت بڑا کردار ہے، وہ تین سال تک آرٹس کونسل کے وائس پریذیڈنٹ بھی رہے۔ مصنفہ منیزہ ہاشمی نے کہاکہ میرے بچوں نے کہا کہ خط کے ساتھ ان جواب بھی لکھیں، کتاب میں دل کھول کرلکھا ہے، کتاب ناول نہیں بلکہ کچھ یاداشتیں ہیں، افسوس یہ ہے کہ والد سے بہت سی باتیں نہیں پوچھ سکی،فیض احمدفیض فلسطین کے بارے میں بہت سوچتے تھے، کتاب کیلئے والدکے دوستوں سے ملاقاتیں کیں دوستوں نے کہاکہ فیض کوسب جانتے ہیں فیض کی الیس کوکوِئی نہیں جانتا، فیض احمدفیض کاحس مزح بھی بہت عمدہ تھا، ضیا دورمیں بہت سی تکلیفیں جھیلیں جس پروالد سے شکوہ کیا۔