جیکولین فرننڈز کو ایک کروڑ روپے زر ضمانت پر بیرون ملک سفر کی اجازت

June 02, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)دہلی ہائی کورٹ نے بولی وڈ اداکارہ جیکولین فرننڈز کو آئیفا ایوارڈز کے لیے کچھ شرائط کے ساتھ بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں اداکارہ کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کیا تھا۔ہائیکورٹ نے اداکارہ کو31مئی سے 6جون تک ابوظہبی، متحدہ عرب امارات جانے کی اجازت دینے کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف ای ڈی کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس سدھیر کمار جین نے اداکارہ سے کہا کہ وہ ایک کروڑ روپے کے فکس ڈپازٹ کی رسید جمع کرائیں اور تحریری طور پر دیں کہ اگر وہ واپس نہیں لوٹتی ہیں تو ایک کروڑ روپے کی ضمانت کے ساتھ رقم ضبط کر لی جائے گی۔جج نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت نے ای ڈی کی عرضی کو نمٹا دیا اور فرننڈز کو ہدایت دی کہ وہ ثبوت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کریں اور تحقیقات میں مداخلت نہ کریں۔ ای ڈی نے پچھلے سال جیکولین فرننڈز کے خلاف ایک لک آؤٹ سرکلر (ایل او سی) جاری کیا تھا جس میں مبینہ طور پر دھوکہ دہی کرنے والے سکیش چندر شیکھر سے منسلک 200کروڑ روپے کی وصولی کے سلسلے میں تھا۔ جیکولین فرننڈز سری لنکا کی شہری ہیں اور 2009سے ہندوستان میں مقیم ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجونے کئی بنیادوں پر ایل او سی کو معطل کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم پر تنقید کی۔