غذائی بحران شدید تر، سری لنکن فوج کھیتی باڑی کرے گی

June 18, 2022

سری لنکا میں غذائی بحران شدید تر ہونے کے باعث فوج کاشتکاری مہم میں حصہ لے گی جس کے تحت 1500 ایکڑ بنجر زمین کو غذائی پیداوار بڑھانے کے لیے قابلِ کاشت بنایا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکن آرمی نے جمعرات کو گرین ایگریکلچر اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی ہے جو ملک کے فوڈ سیکیورٹی پروگرام پر عمل درآمد کرے گی۔

سری لنکا میں جاری بدترین معاشی بحران کی وجہ سے غذا، ادویات، گھریلو گیس، ایندھن اور درجنوں اشیا کی قلت ہوگئی ہے۔

کاشتکاری منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر جولائی میں شروع کردیا جائے گا جس کی سربراہی لیفٹیننٹ جنرل ویکم لیاناگے کریں گے۔

سری لنکن فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل جگت اس پورے منصوبے کی نگرانی کریں گے۔

فوجی دستے پہلے بنجر زمین کی صفائی کریں گے، پھر ہل چلانے کے بعد زرعی ماہرین کے تجویز کردہ مختلف فصلوں کے بیج بوئیں گے۔

سری لنکا میں موجود تمام آرمی ہیڈکوارٹرز اس مہم کو مکمل کرنے کے لیے اپنی اپنی فارمیشنز سے اہلکاروں کو روانہ کریں گے۔