جے ایس بینک اور تجارتی فرم میں معاہدہ، JS کامیاب جوان پروگرام کا اہم کردار

June 24, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے بینک جے ایس بینک نے اپنی تازہ ترین سرگرمی میں مشہور تجارتی فرم ’دراز‘ سے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے ذریعے اس موثر تجارتی پلیٹ فارم سے فروخت کنندگان کے لیے کاروبار اور اس کے پھیلاؤ کو آسان بنادیاگیا ہے۔ جس میں ’ جے ایس کامیاب جوان‘ پروگرام کا اہم کردار ہوگا۔ اس شراکت کے ذریعہ جے ایس بینک، اپنے کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ڈھائی کروڑ روپے تک کے قرض کی فراہمی کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہ سہولت ’دراز‘ کے ذریعہ کاروبار کرنے والے تقریباً 63ہزار فروخت کنندگان کوبھی حاصل ہوگی تاکہ وہ اپنے کاروبار کو وسعت دے سکیں اور اپنے مالیاتی منصوبوں کے لیے مالی مدد کا مناسب انتظام کرسکیں۔یہ معاہدہ عاطف سلیم ملک، گروپ ہیڈ، ریٹیل بینکنگ ، جے ایس بینک اور سیدذیشان علی، ڈائریکٹر ڈیجٹیل پیمنٹ کےد ستخطوں کے ساتھ، دونوں اداروں کے اعلیٰ عہدیداران کی موجودگی میں تکمیل کو پہنچا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عاطف سلیم ملک نے کہا کے 2012ء سے ابتک دراز طویل سفر طے کیا ہے اور اس شراکت کے نتیجے میں ’دراز کو جے ایس بینک کے کامیاب جوان پروگرام سے استفادہ کرنے کا موقع میسر آئے گااور یہ شراکت ’دراز‘ کے کاروبار کی وسعت اور ترقی میں مددگارثابت ہوگی۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ یہ شراکت اورتعلق ای کامرس سسٹم اور صنعت کی ترقی میں سہولتوں اور آسانیوں کا ذریعہ بنے گا۔سید ذیشان علی، ڈائریکٹر ڈیجیٹل پیمنٹس، دراز نے شراکت داری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’دراز اپنے سیلرز کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے اپنے ایکو سسٹم کو مضبوط بنا رہا ہے۔ ہم دراز سیلرز کو مالیاتی حل فراہم کرنے کے لیے جے ایس بینک کے ساتھ شراکت داری کے لیے پرجوش ہیں۔