پنجاب، ضمنی الیکشن میں ن لیگ جیت گئی تو حکومت مدت پوری کریگی، تجزیہ کار

June 24, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال اب ہم یکسو، حکومت کے باقی 14ماہ پورے کریں گے، وزیراعظم، کیا حکومت مدت پوری کرپائے گی؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ جیت گئی تو حکومت مدت پوری کریگی.

پاکستان میں عوام کو دو وقت کی روٹی نہیں مل رہی اور وزیراعظم مری ہائی وے بنانے کی بات کر رہے ہیں،بینظیر شاہ نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرنا چاہتی ہے، حکومت نئی قانو ن سازی کیلئے کام کررہی ہے.

نیب قانون میں مزید ترامیم آئیں گی جبکہ انتخابی اصلاحات پر بھی کام کیا جائے گا، پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ جیت گئی تو حکومت مدت پوری کرنے کی طرف جائے گی، پی ٹی آئی کامیاب ہوگئی تو دوبارہ قبل از وقت الیکشن پر بات شروع ہوجائے گی.

پرویز الٰہی کا وزیراعلیٰ پنجاب بننا ن لیگ کیلئے زیادہ بڑا خطرہ ہوگا،پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کچھ عوامل پی ٹی آئی کے حق میں ہیں، شہری علاقوں میں پی ٹی آئی کا ووٹر بڑی تعداد میں نکل سکتا ہے، پی ٹی آئی نے کچھ حلقوں میں بااثر امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے .

اطہر کاظمی کاکہنا تھا کہ ملک کی سیاسی صورتحال کا عالمی مالیاتی اداروں سے معاہدوں پر فرق پڑتا ہے،حکومت کوا سٹیبلشمنٹ کی مکمل سپورٹ حاصل ہے، اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے یہ حکومت اپنے 14 ماہ پورے کرے، پنجاب میں بھی ن لیگ کو مکمل سپورٹ دی جارہی ہے.

ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو زیادہ سے زیادہ نشستیں جتوانے کی کوشش ہورہی ہے، حکومت کی کنفیوژن کی وجہ سے معاملات الجھ رہے ہیں، حکومت ایک طرف کہتی ہے آئی ایم ایف سے معاہدے نے تباہی پھیردی ساتھ آئی ایم ایف سے معاہدے کی بات بھی کررہی ہے۔

حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ مشکل فیصلوں کے بعد اچھی خبریں آنا شرو ع ہوگئی ہیں، عمران خا ن کی حکومت نے معاہدوں کی خلاف ورزی کر کے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام ہوگا تو معاشی استحکام نہیں آئے گا.

تحریک انصاف نے تین مرتبہ وزیرخزانہ تبدیل کیے، ایک وزیرخزانہ معاہدہ کرتا تو اگلا وزیرخزانہ کہتا میں اس میں تبدیلی چاہتا ہوں، حکومت کو مشکل فیصلوں سے سیاسی نقصان ہوا ہے وہ اسے پورا کرنے کیلئے مدت پوری کرنا چاہے گی، ن لیگ پنجاب ضمنی الیکشن میں زیادہ نشستیں نہیں جیت سکی تو پھر فوری طور پر مرکز میں انتخابات نہیں چاہے گی۔