عامر لیاقت کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے 31 کاغذات نامزدگی جمع

June 24, 2022

عامر لیاقت کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لیے 2 دن میں 31 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔

فارم جمع کروانے والوں میں سے 27 کا تعلق سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے ہے، جبکہ 4 آزاد امیدواروں نے بھی نامزدگی فارم جمع کروایا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 4، ایم کیو ایم پاکستان 5 اور پی ایس پی کے 3 امیدوار ہیں، پیپلز پارٹی 4، ٹی ایل پی 3 اور مسلم لیگ ن کے 2 امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

مہاجر قومی موومنٹ، اے پی ایم ایل، پاکستان مسلم الائنس کے ایک، ایک امیدوار ہیں، جے یو آئی آئی ف 2 ، عام لوگ اتحاد پارٹی کا ایک امیدوار شامل ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ایم کیو ایم سے شہاب امام، افشاں قمر علی اور کرن مسعود اور پیپلز پارٹی کے محمد دانش خان سمیت تین امیدواروں نےفارم جمع کروائے ہیں۔

4 آزاد امیدواروں میں ایم کیو ایم کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی موجود ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار کو اس نشست پر 2018 کے عام انتخابات میں شکست ہوئی تھی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 25 جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہوگی، 27 جون تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی، 30 جون تک ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل کی جاسکے گی، 5 جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی، 6 جولائی کو امیدوار دستبردار ہوسکیں گے جبکہ 7 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 27 جولائی کو این اے 245 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوگی، ریجنل الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر این اے 245 کے ریٹرننگ افسر ہیں۔

قومی اسمبلی کی یہ نشست عامر لیاقت حسین کےانتقال کےباعث خالی ہوئی تھی۔