بلدیاتی الیکشن فوری روکا جائے: وسیم اختر

June 26, 2022

سابق میئر کراچی وسیم اختر —فائل فوٹو

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما، سابق میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ سندھ میں ڈاکو بیلٹ بکس اٹھا کر لے گئے، جاری بلدیاتی الیکشن فوری روکا جائے۔

آج سندھ میں ہونے والے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی کارکردگی دیکھے کہ انتخابی نشان بیلٹ پیپر پر نہیں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹرن آؤٹ کم ہے، فائرنگ ہو رہی ہے، ووٹرز خوف کا شکار ہیں، خوف کے اس عالم میں صاف شفاف الیکشن ہو ہی نہیں سکتے۔

وسیم اختر نے مطالبہ کیا کہ نواب شاہ اور میر پور خاص میں الیکشن روک دیا جائے، ووٹر لسٹوں کو درست کیا جائے، حلقہ بندی کو دیکھا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ فوری الیکشن روکا جائے، پہلے خداشات دور کیے جائیں، یہاں دھاندلی کا بازار گرم ہے، جس طرح الیکشن کرایا جا رہا ہے، یہ پیپلز پارٹی پر سوالیہ نشان ہے۔

سابق میئر کراچی وسیم اختر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پورے اندرونِ سندھ کا الیکشن روکا جائے، تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کے عمل پر سوال اٹھا رہی ہیں۔

پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات جاری

واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 اضلاع میں میدان سج گیا ہے، جس میں 21 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہیں۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے معرکے میں سندھ کے مختلف ڈویژنز سے 1 ہزار سے زائد امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم کا وقت جمعے کی رات 12 بجے ختم ہو گیا تھا جبکہ گزشتہ روز تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کے سامان کی ترسیل کر دی گئی تھی۔